حکومتی کمیٹی اپوزیشن کے ٹی او آر پر بلاجواز اعتراض کر رہی ہے: ولید اقبال

لاہور( خبر نگار) تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹیکل کمیٹی کے ممبر ولید اقبال نے کہا ہے کہ پا نامہ لیکس پر بنائی گئی حکومتی کمیٹی وزیراعظم کو احتساب کے عمل سے بچانا چاہتی ہے اور حیلے بہانے لگا کر اس معاملے کو دبانا چاہتی ہے انہیں اچھی طرح پتہ ہے کہ اگر شفاف اور ایماندار احتساب ہوا تو ملک سے لوٹی گئی دولت اور کی گئی کرپشن سامنے آ جائے گی۔ اسی لیے وہ اپوزیشن کے ٹی اور آرز پر بلا جواز اعتراض کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز رشید اور دیگر درباری اپوزیشن جماعتوں میں ٹوٹ پھوٹ کا جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے قوم کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اور انہیں منہ کی کھانی پڑیں گی۔