سکولوں میں خالی آسامیوں پر میرٹ پر بھرتی کی جائے: ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن

لاہور( سٹاف رپورٹر )ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے مرکزی صدر رشید احمد بھٹی،قائم مقام سیکریٹری جنرل چوہدری فیاض احمد وڑائچ ،حسن محمود شاھین ،ڈاکٹر صغیر عالم ،چوہدری سکندر ذوالقرنین ،عطائاللہ خان عزیز،محمد یار تُللہ،محمدجمشید کمبوہ،شاہ محمد رائو ، ملک ناصرعباس سمیت دیگر راہنمائوں نے کہا ہے کہ سکولوں میں ڈینگی ،سکیورٹی، گرائونڈز ،ڈاک،صفائی وغیرہ کے ناقص انتظامات کے نام پر محکمہ تعلیم سکولز پنجاب کی طرف سے سکولوں کے سربراہان کو مختلف سزائیں دی جارہی ہیں جب کہ سکولوں میں سالہا سال سے خالی پڑی ہوئی سکیورٹی گارڈز ،مالی، نائب قاصد، خاکروب وغیرہ کی ہزاروںخالی آسامیوں کو بار بار مطالبہ کرنے کے باوجود پُر نہیں کیا گیا۔ہم وزیر اعلی پنجاب، چیف سیکریٹری پنجاب،وزیر تعلیم پنجاب اور سیکریٹری سکولز پنجاب سے پُر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ گورنمنٹ سکولوں میں سالہاسال سے ملازمین درجہ چہارم کی خالی پڑی ہوئی ہزاروں آسامیوں کو سیاستدانوں کی سفارشات کی بجائے سکولوں کے سربراہان کے ذریعے فی الفور میرٹ پر پُر کیا جائے ۔درجہ چہارم کی آسامیوں کو میرٹ پر پُر کرنے سے ہی سکولوں میں ڈینگی ،سکیورٹی، گرائونڈز کی آبادکاری، ڈاک کی بروقت ترسیل ، کلاس رومز اور واش رومز کی مثالی صفائی وغیرہ کے محکمانہ متعین کردہ ایس اوز پی کو ہی پُوراکیا جاسکتا ہے۔