ڈالر لینے والوں نے پختون قوم کو شرمندہ کیا: عمران

پشاور+ کوئٹہ (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں کے بند ہونے تک نیٹو سپلائی روکی جائے گی، ڈرون حملوں کے خلاف تحریک انصاف اپنے منشور پر قائم ہے، پختون قوم کو انہوں نے شرمندہ کیا ہے جنہوں نے ڈالرز لئے، ہم تو آج بھی پختون قوم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، مہنگائی کی بڑی وجہ لوڈشیڈنگ ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا ریکارڈ کرنسی نوٹ چھاپے جا رہے ہیں اس لئے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ مہنگائی کی ایک بڑی وجہ لوڈشیڈنگ بھی ہے۔ ہم نے وفاقی حکومت سے کہا ہے کہ پیسکو ہمارے حوالے کردیں ہم بجلی چوری ختم کر دیں گے۔ لوڈشیڈنگ پر وفاقی حکومت خیبر پی کے سے زیادتی کر رہی ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف اور اتحادیوں کا پشاور میں نیٹو سپلائی کیخلاف دھرنا 34ویں روز بھی جاری رہا۔ کوئٹہ میں نیٹو سپلائی کی بندش کیلئے جماعت اسلامی نے دھرنا دیا۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے راستے چمن جانے والے نیٹو کنٹینروں کو روکا گیا۔ عمران خان نے کہا لوڈ شیڈنگ کا حل اگر صوبوں کے پاس ہوتا تو شہباز شریف انتخابات سے قبل مینار پاکستان کے باہر پنکھا نہ جھلتے۔ بجلی گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ تقریب سے خطاب میں عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخاب بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے ہوگا جبکہ انتخابات کروانے والے کیلئے جوڈیشل آفیسرز کو دعوت دینگے تاکہ کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ دھاندلی ہوئی نیٹو سپلائی کی بندش پر تنقید بلاجواز ہے کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ نیٹو سپلائی کو کھول دیا جائے گا۔ نیٹو سپلائی کسی بھی صورت نہیں کھولیں گے۔کتنے شرم کی بات ہے کہ امریکی نمائندہ چک ہیگل پاکستان آئے اور امداد بند کرنے کی دھمکی دی اور حکومت نے آرام سے ان کی دھمکیوں کو سہہ لیا اس کے مقابلہ میں ایک ہندو سفارتکار کو امریکہ میں صرف مس ہینڈل کیا گیا اس کے بعد بھارت نے جو رد عمل اپنایا وہ سب کے سامنے ہے۔
عمران