دشمنوں نے فرقہ واریت کو اسلام کیخلاف ہتھیار بنا لیا : علامہ ریاض شاہ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ اُمّتِ مسلمہ کو جنگوں میں الجھا کر کمزور کیا جا رہا ہے، اسلام دشمنوں نے فرقہ واریت کو ہتھیار بنا لیا ہے، مسلمانوں کا اتحاد ہی ترقی اور عروج کا ضامن بن سکتا ہے۔ مسلمان اطاعتِ الٰہی اور حُبِّ رسول ﷺ کا راستہ اختیار کریں۔ نظامِ مصطفی ہی ہر دکھ کی دوا ہے۔ ظالمانہ استحصالی نظام کا خاتمہ ضروری ہے۔ نیکی اور بدی کی جنگ میں نیکی کو غالب کرنا ہو گا۔ مسلمان دین پر دنیا کو ترجیح دینے کی روش چھوڑ دیں۔ امریکہ مسلمانوں کے وسائل پر قبضہ کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ فرقہ واریت کے ناسور نے وحدتِ اُمّت کو پارہ پارہ کر دیا ہے۔ اسلام ایک عالمگیر مذہب ہے جو حقوق اﷲ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کا بھی ضامن ہے۔