اسلام بے سہارا افراد سے شفقت اور محبت کا درس دیتا ہے : پروین سرور

لاہور (لیڈی رپورٹر) بیگم گورنر پنجاب پروین سرور نے آج دارالشفقت لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بے سہارا بچوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔ اس موقع پر بیگم گورنر پنجاب نے کہا کہ بے سہارا اور بے یارو مددگار افراد کی خدمت کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے، اچھی تعلیم اور صحت کا حصول ہر شہری کا بنیادی اور آئینی حق ہے۔ اسلام بھی ہمیں بے سہارا افراد کے ساتھ شفقت اور محبت کا سلوک کرنے کا درس دیتا ہے اور ہمیں اجتماعی طور پر ایسے افراد کو معاشرے کا ایک فعال اور ذمہ دار شہری بنانے کیلئے اپنی اپنی استطاعت کے مطابق اپنا حصہ ڈالنا ہو گا۔ دارالشفقت انتظامیہ نے بیگم گورنر پنجاب کو اپنے ادارے کی کارکردگی اور مسائل سے آگاہ کیا۔ بیگم گورنر پنجاب نے اپنی اور حکومت پنجاب کی جانب سے ادارے کے مسائل کے حل کیلئے انہیں ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر بیگم گورنر پنجاب نے بچے اور بچیوں میں مختلف تحائف بھی تقسیم کئے اور بعد میں زیرتعمیر فلٹریشن پلانٹ کے کام کا جائزہ لیا۔