پنجاب حکومت کے تھانہ کلچر میں بہتری کے دعوے زمین بوس ہو گئے: ڈاکٹر نوشین

لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے تھانہ کلچر میں بہتری لانے کے دعوے زمین بوس ہوگئے ،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پنجاب میں آج بھی حوالد کی حکومت ہے اور غریب تو تھانے میں کرسی پر نہیں بیٹھ سکتا ،پنجاب میں پولیس کے ذریعہ حکومت چلائی جارہی ہے اور پولیس کو مسلم لیگ ن اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرتی آئی ہے ،کوئی شک نہیں کہ پولیس سے وابستہ افراد نے ملک کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کئے اور اس ملک کے لئے اپنا سب کچھ قربان کیا مگر تھانہ کلچر میں تبدیلی لائے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ،انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب روز دعوی کرتی ہے کہ پولیس میں اصلاحات لائی جاچکی ہیں اور اب غریب کو انصاف ملے گا مگر اس کے یہ دعوے حقیقت نہیں بن سکے،پولیس ملازمین کو جدید خطوط پر تربیت فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے مگر حکومت صرف زبانی جمع خرچ کر رہی ہے۔