حکومت نے تعلیم کے شعبہ کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں: عرفان دولتانہ

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ حکومت نے پسماندہ علاقو ںکے غریب بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے دانش سکول قائم کئے نئے مالی سال میں منکیرہ ضلع بھکر اور تونسہ ضلع ڈی جی خان میںچار مزید دانش سکول قائم کرنے کے لئے 3ارب روپے رکھے گئے ہیں - حکومت پنجاب تعلیم کے شعبے کی ترقی ، معیاری تعلیم کی ترویج ، تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی، پوزیشن ہولڈرز ذہین مستحق طلبا کو سکالر شپ فراہم کرنے کے لئے ا نقلابی اقدامات اٹھائے ہیں اور گزشتہ تین سالوں کے دوران لاکھوں طلبا و طالبات کو ا ربوں روپے کے وظائف دئیے گئے نئے مالی سال میں بھی تعلیم کے لئے مجموعی طور پر 312ارب روپے مختص کئے گئے ہیں-50ارب روپے کی لاگت سے جامع پروگرام کا آغاز کیا گیاہے اور 20 سالوں کے دوران صوبہ بھر کے تمام سکولوں ،مخدوش عمارتوں کی بحالی اور 36ہزار نئے کلاس رومز تعمیر کئے جائیں گے- آئندہ مالی سال میں28ارب روپے کی لاگت سے 19ہزار سے زائداضافی کمرے تعمیر کئے جائیں گے-حکومت نے سکولوں میں بچیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے چھٹی جماعت کی بچیوں کو ماہانہ وظیفہ کی رقم 2سوسے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دی ہے حکومت پنجاب نے صوبے کے ہونہار کم وسیلہ بچوں کی تعلیمی پیاس بجھانے کے لئے پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کا اجراء کیا ہے جس کا حجم 16ارب روپے تک پہنچ چکاہے اور نئے مالی سال میں 4ارب روپے مختص کئے جا رہے ہیں جس سے فنڈ کا حجم 20ارب روپے تک پہنچ جائے گا۔