وزیر اعظم کا عدالتی نوٹس وصول نہ کرنا عدلیہ کی توہین ہے: حافظ ادریس

لاہور (سپیشل رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے ہائیکورٹ کے جاری کردہ نوٹس کو وصول نہ کرنا عدلیہ کی توہین کے مترادف ہے۔ ملک میں آئین وقانون کی بالادستی کیلئے حکمرانوں کو عوام کیلئے مثال بننا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے بارے میں کہا کہ مذاکراتی عمل سے قیام ان کی جو امید بندھی تھ وہ ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ فوجی آپریشن قومی مفاد میں نہیں، اب بھی عقل مندی کا تقاضہ ہے کہ حکومت اپنا قبلہ درست کرے اور حکومت اور فوج ایک پیج پر آ کر مذاکرات کو کامیاب بنانے کی کوشش کریں۔ بھارت کے نامزد وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم پاکستان کی شرکت کے حوالے سے کہا کہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے جس کے ہاتھ ہزاروں مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ان سے ہاتھ ملانا غیرت وحمیت کے منافی ہے۔