دنیا اور آخر ت میں نجات اسوہ رسول پر عمل سے ہی ممکن ہے: اویس شاہ زنجانی

لاہور (پ ر) عالمی تحریک عظمت مصطفی کا اجلاس چیئرمین سید محمد اویس شاہ زنجانی ہوا۔ اجلاس سے خطاب میں اویس شاہ زنجانی نے کہا کہ نئی کریم کی زبان مبارک سے نکلی ہوئی ہر بات صداقت ہے اور رہتی دنیا تک یہ خوشبوئے صداقت قرآن و حدیث اور سنت نبوی کی صورت میں دنیا کو جگمگاتی رہے گی۔ دنیا اور آخرت میں نجات اسوہ رسول پر عمل سے ہی ممکن ہے۔ نبی کریم کی ذات مبارکہ تمام جہانوں کیلئے رحمت ہے۔ پاکستان آج جن مسائل کا شکار ہے، ان سے نجات پانے کے لئے نظام مصطفی کا نفاذ واحد حل ہے۔ سیرت نبوی میں معاشی، معاشرتی تمام مسائل کے لئے رہنمائی موجود ہے۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات شہلا اویس زنجانی نے قرارداد پیش کی جس میں نوجوان نسل اور طلبہ و طالبات پر زور دیا گیا کہ وہ انٹرنیٹ کے ذریعے نبی کریم کی تعلیمات کو دنیا بھر میں پھیلائیں اور حضور کی عظمت و بزرگی کیخلاف اسلام دشمن طاقتوں کی سازشوں کا بھرپور مقابلہ کریں۔