کینال میلہ

کینال میلہ

پاکستان دنیا کے اس خطے میں واقع ہے جہاں قدرت نے چاروں موسم عطاء کئے  یہاں موسم سرد بھی رہتا ہے اور گرم بھی کبھی خزاں آتی ہے تو کبھی بہار کے رنگ دکھائی دیتے ہیں۔  موسم بہار کی آمد ہی دراصل اس بات کی گواہی ہوتی ہے  کہ شدید سرد موسم رخصت ہوا۔ اب ہر طرف  ہریالی ہی ہریالی نظر آئے گی۔درختوں پر نئے پتے اور کونپلیں آمد بہار کا اعلان کرتی ہیں تو باغات میں رنگ برنگے پھولوں کی مہک سارے ماحول  کو بھی خوشگوار  بنادیتی ہے۔ موسم بہاراں کی آمد کے ساتھ ہی مختلف شہروں میں ’’جشن بہاراں‘‘ یعنی پھولوں  کو سجانے کا  بھی اہتمام کیا جاتا  ہے۔ امسال بھی خیبر تا مہران  موسم بہار کی آمد  کے ساتھ ہی ’’جشن بہاراں‘‘  منانے کا سلسلہ جاری ہے گذشتہ دنوں  لاہور میں آمد بہار کے موقع پر ’’کینال میلہ‘‘  کا اہتمام کیا لاہور شہر  میں بہنے والی نہر کو پی۔ ایچ  اے نے  جس خوبصورتی سے سجایا وہ قابل داد ہے۔ مختلف ’’فلوٹ‘‘ نہر میں تیرتے نظروں کو بھلے لگتے ہیںجن میں ہماری ثقافت کی جھلک بھی ملتی ہے۔ ’’کینال میلہ‘‘  کی رونقیں مغرب کے بعد عروج پر ہوتی ہیں خوبصورت مناظر کو دیکھنے والوں کی بڑی تعداد نہر کے  دونوں اطراف پر جمع ہوتی ہے جس کی وجہ سے اگرچہ  ٹریفک کے نظام میں خلل بھی آ رہا ہے مگر ٹریفک  وارڈنز  بڑی خوش اسلوبی سے ٹریفک کو رواں رکھنے کی کوششں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔کینال میلہ  میں کشتیوں کو جس خوبصورت انداز میں سجا کر نہر میں اتارا گیا ہے یہ  مناظر دیکھنے کے لئے آج کل فیملیاں جوق در جوق آتی ہیں۔ نہر کے دونوں اطراف رنگ برنگ پھولوں کو بھی بڑی ترتیب سے لگانے کے علاوہ روشنیوں نے بھی ماحول کو  زیادہ دلکش بنایا ہوا ہے جو وہاں آنے والوں کو اپنے سحر میں  جکڑ لیتا ہے۔یہ کینال میلہ 31 مارچ تک دل و دماغ کو معطر  کرتا رہے گا اسی طرح دیگر شہروں میں بھی ’’جشن بہاراں‘‘  کی آمد پر ضلعی سطح پر پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں اور موسم بہار کا  بھی یہ تقاضا ہے  کہ اس موسم  کے رنگوں اور خوشبوئوں کو دل سے محسوس کیا جائے تو فرحت کا احساس ہوتا ہے۔ وطن عزیز میں اس وقت جس طرح کا ماحول ہے ایسے میں ہر شخص خوشی کے چھوٹے چھوٹے مواقعوں سے لطف اندوز ہونے کی بھرپور کوشش کرتا ہے ۔موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں جشن کا سا سماں ہوتا ہے۔ ہریالی اور پھول ذہن و دل کو معطر کرتے ہیں لاہور کے ریس کورس پارک میں سجایا جانے والا میلہ اہمیت کا حامل ہے۔شام کے بعداس میلے میں کہیں کوئی خریداری کر رہا ہے تو کہیں کوئی کھانے پینے اور خوش گپیوں میں مصروف نظر آتا ہے۔ویسے تو سارے موسم خدا کی نعمت ہیں لیکن موسم بہار ایک ایسا موسم ہے جو ہر چہرے پر خوشیاں بکھیر دیتا ہے ۔اس موسم کے پہناوے بھی مختلف ہوتے ہیں رنگ برنگے ملبوسات آنکھوں کوبھلے لگتے ہیں۔