جی سی یو کے 23پوسٹ گریجوایٹ طالبعلموں میں15لاکھ کی پیف سکالرشپس تقسیم

 گورنمنٹ کالج یونیوسٹی کے23 پوسٹ گریجوایٹ طالبعلموں نے گزشتہ روز پنجاب ایجوکیشن اینڈوومنٹ فنڈ کی طرف سے تقریباً 15لاکھ کی سکالر شپس حاصل کیے۔اس موقع پر جی سی یو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق الرحمان مہمانِ خصوصی تھے جبکہ پیف کے سینئر مینجر سکالر شپس نوید اکبر چیمہ اورجی سی یو ڈین فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر اسلام اللہ خان بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر رحمان کا کہنا تھا کہ ان سکالر شپس سے طالبعلموں کو حصولِ علم میں حائل مالی مشکلات کو حل کرنے میں آسانی ہوگی۔انہوں نے شہباز شریف کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ نا صرف حکومتِ پنجاب کو اس سلسلے کو جاری رکھنا چاہیئے بلکہ تمام صوبوں کو اس کی تقلید کرنی چاہیئے۔ان کا کہنا تھا کہ جی سی یو واحد تعلیمی ادارہ ہے جس کا اپنا اینڈوومنٹ فنڈ ٹرسٹ ہے اور وہ طالبعلموں کو اپنے بجٹ سے بھی ہر سال کروڑوں روپوں کی شکالر شپس دیتا ہے۔نوید اکبر چیمہ نے کہا کہ پیف کا سکالر شپس دینے کا نظام بہت شفاف ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس سلسلے میں کئی انٹرنیشنل ادارے پنجاب ایجوکیشن اینڈوومنٹ فنڈ کے ساتھ معاہدے کر رہے ہیں۔بعدازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیق الرحمان نے طالبعلموں جن میں فوزیہ سلیم،ربعیہ بتول،شائستہ عظمت،عارف حسین،مریم شفیق،طیبہ الیاس، ماریہ خالد،عابد انورخان، ثناء منور،قاضی سلمان احمد،سارہ وزیر،حمدہ شاہد،زوار حیدر،کرن ذوالفقار،عاطفہ باسط،مہوش ماہ رخ اقبال، مدیحہ مجید،فرح بوٹا،ذونیرہ اشتیاق، ہاجرہ حنیف،فضہ مدثر، سدرہ سہیل اور مبشر رضا شامل ہیں میں سکالر شپس کے چیک تقسیم کیئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ  میں کتاب میلے کا مقصد اساتذہ میں طریقہ تدریس کے جدید رحجانات کو متعارف کروانا اور جدید کتب میں اساتذہ کی دلچسپی پیدا کرنا ہے ۔احسان بھٹہ پروگرام ڈائریکٹر ڈی ایس ڈی
  پروگرام ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ احسان بھٹہ  نے کہا ہے کہ ڈا ئریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ  میں کتاب میلے کا مقصد اساتذہ میں طریقہ تدریس کے جدید رحجانات متعارف کروانا ہے،تاکہ معیاری تعلیم کو فروغ دیا جا سکے۔ڈی ایس ڈی کی لائبریری میں موجود کتابیں اب آن لائن بھی دستیاب ہیں تاکہ پنجاب بھر کے اساتذہ ان سے مستفید ہو سکیںیہ بات انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ میں دو روزہ کتاب میلے کے انعقاد کے موقع پر کہی ۔اس موقع پر ایڈیشنل پروگرام ڈائریکٹر طارق محمود بھی موجود تھے۔ انہوں نے لائبریری ونگ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کتابیں ڈی ایس ڈی میں آنے والے ٹرینیز اور اساتذہ کی تعلیمی قابلیت ،ان کی پیشہ وارانہ مہارت اور طریقہ تدریس موثر بنانے میں مدد گار ثابت ہوں گی تاکہ سکول ایجوکیشن ، بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ ہو سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام اعلیٰ تعلیم پر نیشنل ایجوکیشن فورم

ہائیر ایجوکیشن کمیشن، صغریٰ بیگم سنٹر فار ایجوکیشنل پالیسی و ڈویلپمنٹ پنجاب یونیورسٹی اور پروموشن آف ایجوکیشن ان پاکستان کے زیر اہتمام اپنی نوعیت کا اعلیٰ تعلیم پر پہلا نیشنل ایجوکیشن فورم گزشتہ روز صبح9 بجے ڈاکٹر پرویز حسن اینوائرمینٹل لاء آڈیٹوریم نیو کیمپس میں منعقد ہوئی۔ جس میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران، لمز کے چانسلر سید بابر علی اور معروف پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز بشمول ڈاکٹر اقرار احمد خان، ڈاکٹر شاہد کاردار، ڈاکٹر محمد خلیق الرحمان ، ڈاکٹر ذاکر حسین، ڈاکٹر محمد نظام الدین ، ڈاکٹر نذیر اے مغل و دیگر نے شرکت کی ۔