ایپکا کے زیراہتمام کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے، تنخواہیں بڑھانے کے حق میں ریلی

لاہور (سپیشل رپورٹر) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام بڑھتی ہوئی مہنگائی، کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے، تنخواہوں میں اضافہ، ڈیتھ گرانٹ میں اضافہ اور دیگر مطالبات کے حق میں ریلی نکالی جو سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ سے شروع ہو کر پنجاب اسمبلی تک نکالی گئی۔ ریلی میں ملازمین نے زبردست نعرے بازی کی اور مر گئے بھوکے ہائے ہائے، روٹی چاہئے، انصاف چاہئے، ملازمین نے شیخوپورہ میں ایپکا کے نائب صدر کی تنخواہ رکنے پر چھ بچوں کا باپ ہلاک ہو گیا جس پر ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ ای ڈی او شیخوپورہ کے خلاف 302 کا پرچہ درج کیا جائے۔ ایپکا پنجاب کے صدر ظفر علی نے کہا  ایپکا کے عہدیداروں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ شیخوپورہ میں ملازم کی تنخواہ چار ماہ روکی گئی جس پر وہ مر گیا، یہاں ملازمین جن کو تنخواہیں مل رہی ہیں وہ غربت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا  حکومت فوراً کنٹریکٹ ملازمین کو کئے گئے اعلان کے مطابق ریگولر کرے، کفن دفن فنڈز کی رقوم کو بڑھایا جائے۔ حکومت نے مطالبات نہ مانے تو جلد ہی پورے ملک کے ملازمین قلم چھوڑ ہڑتال کر دیں گے۔ جنرل سیکرٹری سید طاہر رضا شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کا اپنا پیٹ پالنا مشکل ہو گیا ہے۔ سرکاری ملازمین کے بچوں کو ملنے والی سکالرشپ گرانٹ فوری بڑھانے کا اعلان کرے، تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے۔