طالبان سے مذاکرات کے مخالف پاکستان کے دوست نہیں ہو سکتے: مولانا سمیع الحق

لاہور (آئی این پی) جمعیت علماءاسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے مخالف پاکستان کے دوست نہیں ہو سکتے‘ حکمرانوں نے اب بھی طالبان سے مذاکرات کا موقع گنوا دیا تو پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ جمعیت علماءاسلام (س) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عاصم مخدوم سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ بدقسمتی سے موجودہ حکمران سات ماہ گزرنے کے باجود بھی طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے کوئی حکمت عملی نہیں بنا سکے اور اب طالبان خود مذاکرات کی بات کر رہے ہیں‘ اگر حکمرانوں نے یہ موقع بھی گنوا دیا تو پھر ملک میں امن خواب رہی رہے گا اور ہمارے پاس پچھتانے کے سوا کچھ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے ملک کا امن تباہ ہو رہا ہے اس لئے حکمرانوں کی پہلی ترجیح کوئی اور منصوبہ نہیں بلکہ مذاکرات ہی ہونی چاہئے اور مذاکرات میں جتنی تاخیر ہو گی یہ ملک کیلئے اتنا نقصان دہ ہو گا۔
مولانا سمیع الحق