پیسہ اخبار: سٹریٹ لائٹس مسلسل خراب‘ صفائی کی صورتحال ابتر

لاہور (خبر نگار) اندرون لاہور کے باہر قدیم ترین آبادی پیسہ اخبار مسائل کا گڑھ بن گئی۔ علاقے میں صفائی کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے گلیوں اور مین بازار میں کوڑے کے ڈھیر لگے ہیں اور کئی کئی دن کوڑا نہیں اٹھایا جاتا۔ سٹریٹ لائٹس ”مسلسل خراب“ رہنے سے علاقے میں ڈکیتیاں اور چوریاں بڑھ گئی ہیں۔ تجاوزات کی بھرمار سے جس کی وجہ سے دن بھر ٹریفک جام کا مسئلہ درپیش رہتا ہے۔ ٹریفک پولیس اہلکار پیسہ اخبار اور اردو بازار میں ”داخل“ ہونا پسند نہیں کرتے جس کی وجہ سے ٹریفک پھنس جائے تو گھنٹوں پھنسی رہتی ہے۔ پیسہ اخبار میں لاہور کی کاغذ کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔ علاقے کے مکینوں کے ایک وفد نے نوائے وقت آکر بتایا کہ ان کا حلقہ ہمیشہ سے مسلم لیگی حلقہ رہا ہے۔ یہاں سے کبھی مسلم لیگی امیدوار نہیں ہارا۔ پھر بھی ہمارے مسائل حل نہیں ہو رہے۔ اس وقت وزیراعظم میاں نواز شریف اسی حلقہ سے قومی اسمبلی کے ممبر بنے ہیں۔ اگر وزیراعظم کے اپنے حلقے کا یہ حال ہے تو باقی پاکستان کا لازماً اس سے برا حال ہی ہو گا۔ انہوں نے وزیراعظم میاں نواز شریف سے اصلاح احوال کی اپیل کی ہے۔