طالبان کے بھیس میں بھارتی ایجنٹ ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں:عبدالغفار روپڑی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) دین اسلام اور پاکستان کے دشمن عناصر طالبان کے ساتھ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے سے باز رہیں، خطے میں امن کی فضا کو قائم رکھنے اور ملک و قوم کی بہتری کیلئے مذاکرات انتہائی ناگزیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی اور سیکرٹری جنرل پروفیسر عبدالمجید نے گذشتہ روز جامعہ دارالقدس میں آئے تنظیمی ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان اور دہشتگردوں میں بہت فرق ہے۔ طالبان کے بھیس میں ڈاکو، مجرم، بھارتی اور را کے ایجنٹ ملک کی سا لمیت کو نقصان پہنچا رہے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فی الفور دہشت گردی کے خلاف امریکہ کی ”نام نہاد“ جنگ سے علیحدگی کا اعلان کیا جائے تاکہ ملک میں امن کی فضا کو یقینی بنایا جا سکے۔