ارکان اسمبلی کے عدم اعتماد کے بعد وٹو کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی: رانا ثناء


لاہور+ مکہ مکرمہ (خصوصی رپورٹر+ مبشر اقبال لون استادانوالہ سے) وزیر قانون پنجاب رانا ثنائ اللہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کے عدم اعتماد کے بعد منظور وٹو کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی جبکہ پیپلز پارٹی چھوڑ کر ن لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والے ارکان اسمبلی کے حوالے سے قمر زمان کائرہ کے بیانات کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہیں۔ منظور وٹو اور قمر زمان کائرہ کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی، بے نظیر بھٹو شہید کے ساتھ ہی دفن ہو گئی ہے۔ زرداری کو سبز باغ دکھانے والے پیپلز پارٹی کی تباہی کا باعث بن گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت سے پیپلز پارٹی کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ رانا ثناءاللہ نے اپنے اہلخانہ کے ساتھ مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا۔ صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ زرداری اور ان کے اتحادیوں کی سیاست کا جنازہ نکال دیںگے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے قوم کیلئے جو کچھ بھی آج تک کیا اس کی تاریخ میں اپنی اہمیت ہے اور انہوں نے خالصتاً عوام کیلئے سب کچھ کیا جبکہ پیپلز پارٹی اور ان کے اتحادی حکمران اپنی جیبیں بھرتے رہے۔
رانا ثناء