ہرات میں قونصلیٹ پر حملے کے واقعے پر ایران کی افغان حکومت پر تنقید


تہران (آن لائن) ایران نے مغربی افغانستان کے شہر ہرات میں ایرانی قونصل خانے کی حفاظت کیلئے سکیورٹی انتظامات نہ کرنے پر افغان حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ایک ایرانی ٹی وی کے مطابق قونصل جنرل رحیم محمد یکتا نے افعان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گزشتہ روز مشتعل مظاہرین کی جانب سے ایرانی قونصل خانے کو پہنچائے گئے نقصان کی تلافی کرے اور ایرانی قونصلیٹ کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہرات میں افغان حکام ایرانی قونصل خانے کی حفاظت کیلئے مناسب انتظامات کرنے میں ناکام رہے اور ایرانی سفارتکاروں کو تحفظ کی فراہمی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے انہوں نے افغان حکومت سے مظاہرین کے ہاتھوں قونصل خانے کو پہنچنے والے نقصان کا معاوضہ بھی طلب کیا۔ ادھر ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال کی آخری سہ ماہی میں شہریوں کی ہلاکتوں میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے، جھڑپ میں 3 طالبان شہید کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔