کوٹری : مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر کے گھر پر حملہ، فائرنگ، اہلیہ جاں بحق


کوٹری/ جامشورو (اے پی اے/ این این آئی) نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر نثار چانڈیو کی بیوی جاں بحق ہوگئیں۔ تیلی گراف کوٹری میں مسلم لیگ (ن) کے ضلع صدر نثار چانڈیو کے گھر میں دو نامعلوم افراد نے گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں نثار چانڈیو کی 30 سالہ بیوی سر میں گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئی۔ نثار چانڈیو کی بیٹی نے بتایا کہ رات کے اندھیرے میں دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں میری والدہ جاں بحق ہوگئی اور مسلح افراد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ نثار چانڈیو دو دن سے گھر پر موجود نہیں تھے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرا کر لاش ورثاءکے حوالے کر دی۔ ادھر مسلم لیگی رہنما نثار چانڈیو نے پنجاب سے واپسی پر بتایا کہ اس سے قبل بھی ان کے گھر پر حملہ کیا گیا تھا اور ان کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ سندھ میں ظلم کا سلسلے کی کڑی ہے مگر ہم مسلم لیگ (ن) اور میاں نوازشریف کے ساتھ سندھ میں کام کرتے رہیں گے۔ ادھر مسلم لیگ سندھ کے رہنماﺅں سلیم ضیائ، امداد چانڈیو، مسلم لیگ ضلع جامشورو کے رہنما زاہد بلوچ نے نثار چانڈیو کی اہلیہ کی فائرنگ میں ہلاکت پر شدید مذمت کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو جلدازجلد گرفتار کیا جائے۔مسلم لیگ ن کے صدر سید غوث علی شاہ کی ہدایت پر مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکرٹری سلیم ضیاءکوٹری پہنچ گئے جہاں انہوں نے مسلم لیگ ن کوٹری کے صدر نثار چانڈیو کی اہلیہ کے جنازے میں شرکت کی۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کے سربراہ محمد نواز شریف کی جانب سے نثار چانڈیو سے تعزیت کی اور محمد نواز شریف کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔