عوامی مسائل حل کرنیوالی ہر سیاسی جماعت کا ساتھ دینگے: غنویٰ بھٹو


کراچی (ثناءنیوز) پیپلز پارٹی (شہید بھٹو گروپ) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ عوام حکومت کی پالیسیوں سے بیزار ہو چکے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) پورے ملک میں امیدوار کھڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خمیسو گوٹھ نیو کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ اس وقت ملک پر کرپٹ اور بھٹو نظریات مخالف ٹولے کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں دہرا نظام قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر اس سیاسی جماعت کے ساتھ ہیں جو اس دھرتی کی حفاظت اور یہاں کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔