عمران آئندہ انتخابات میں شکست کیلئے خود کو ابھی سے تیار کر لیں: زعیم قادری


لاہور (خبرنگار) وزیراعلی کے معاون خصوصی زعیم قادری نے کہا عمران خان آئندہ انتخابات میں شکست کے لئے اپنے آپ کو ذہنی طور پر ابھی سے تیار کر لیں۔ عمران خان کو اپنی مقبولیت کا پتہ چل گیا ہے اور عوام بھی ان کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں۔ عوام کی فلاح و بہبود صرف نعرے بازی اور بے بنیاد الزامات سے ممکن نہیں ہو سکتی۔ عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا نوجوانوں کو جھوٹے خواب دکھانے والے عمران خان کو ضمنی انتخابات کی طرح عام انتخابات میں شکست کا سامنا ہو گا۔ مسلم لیگ ن کی پنجاب حکومت کے عوامی فلاح وبہبود کے لئے شروع کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کی عوام نے بھی پذیرائی کی ہے جس کا ثبوت ضمنی انتخابات کے نتائج ہیں۔ شہباز شریف عوام کی فلاح وبہبودکی بے مثال تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ اپنی مقبولیت کے زعم میں مبتلا عمران خان کو عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کی مقبولیت کا بخوبی اندازہ ہو جائے گا۔