حمید نظامی میموریل کالج ٹیکنالوجی فار بوائز کی عمارت کا منصوبہ تاحال مکمل نہ ہوا


سانگلا ہل (نمائندہ نوائے وقت) گورنمنٹ حمید نظامی میموریل کالج آف ٹیکنالوجی فار بوائز کی عمارت کا منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہو سکا، کالج کا افتتاح خود وزیراعلیٰ پنجاب میاں نواز شریف نے کیا تھا، کالج کی تعمیر کا منصوبہ 6حصوں میں مکمل ہونا تھا، جن میں سے ابھی تک 2حصے مکمل کئے گئے ہیں، بقیہ 4حصوں میں 6عدد کلاس رومز، 9عد د مکینیکل لیب، 4عدد الیکٹریکل لیب، 4عدد الیکٹرونکس لیب، ایک عدد فزکس لیب اور ایک عدد کیمسٹری لیب شامل ہیں، جو تاحال مکمل نہیں کی گئیں، کالج میں اساتذہ کی بھی کمی ہے، منظور شدہ 62آسامیوں میں سے48آسامیاں خالی ہیں، صرف 14اساتذہ طلباءکو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں، 48 اساتذہ نہ ہونے کی وجہ سے طلباءکو مشکلات کا سامنا ہے، کالج میں پانی ٹینکی بنائی گئی مگر اسکے ساتھ ٹربائن نصب نہیں کی گئی، جسکی وجہ سے کالج ابھی تک پانی کی نعمت سے بھی محروم ہے، وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے 2سال پہلے اپنے دورے کے دوران کالج میں 200 طلباءکیلئے ہوسٹل کی تعمیر کا اعلان کیا تھا جو ابھی تک محض اعلان ہی ثابت ہوا، عملی طور پر تعمیر کا نام و نشان موجود نہیں، کالج میں طلباءکی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے، مگر کالج میں سہولیات عدم دستیاب ہیں، طلباءاور والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ کالج کی تعمیر کا منصوبہ جلد مکمل کیا جائے اور اساتذہ کی آسامیاں پر کی جائیں۔