تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام کئی شہروں میں ریلیاں، لاہور میں مظاہرہ


لاہور/ فیصل آباد (نامہ نگاران/ نمائندہ خصوصی) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام گذشتہ روز کئی شہروں میں ”سیاست نہیں ریاست بچاﺅ“ ریلیاں نکالی گئیں جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ لاہور میں مظاہرہ کیا گیا، ریلیوں کے شرکاءنے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ”سیاست نہیں ریاست بچاﺅ“ اور دیگر نعرے درج تھے، کئی علاقوں میں موٹر سائیکل ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری 23 دسمبر کو ملکی استحکام اور خوشحالی کا پیغام لے کر ملک واپس آ رہے ہیں، عوام موجودہ کرپٹ سسٹم کیخلاف بغاوت کر دیں، موجودہ نظام انتخابات پاکستان کے تمام تر مسائل کی جڑ ہے۔ لاہور میں لبرٹی چوک میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے مظاہرہ کیا۔ شرکاءنے مشعلیں اور بیلٹ باکس اٹھا رکھے تھے۔ فیصل آباد میں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام سیاست نہیں ریاست بچاﺅ پُرامن موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، ریلی میں شرکاءنے موجودہ استحصالی نظام کے خلاف کتبے اُٹھائے ہوئے تھے اور فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ علاورہ ازیں کمالیہ، ملکہ ہانس، حویلی لکھا، جھنگ، بصیرپور، جہلم، گوجرہ، بھکر اور دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئی۔ لاہور میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام لبرٹی چوک میں پُرامن مظاہرہ ہوا۔ مظاہرے میں شریک طالبات نے ہاتھوں میں مشعلیں اور بیلٹ باکس اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طالبات کی صدر شاکرو چودھری نے کہاکہ پوری قوم اس نظام انتخاب کے خلاف کھڑی ہو چکی ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری 23 دسمبر کو ملکی استحکام اور خوشحالی کا پیغام لے کر ملک واپس آ رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ پورے ملک میں استقبال کیلئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ 23 دسمبر حقیقت میں نیا 23 مارچ 1940ءہو گا۔