امریکہ کی ایران سے گیس منصوبہ ختم نہ کرنے پر اقتصادی پابندیوں کی دھمکی


واشنگٹن (این این آئی) امریکہ نے پاکستان ایران گیس پائپ لائن پر دباو¿ کے بعد منصوبہ منسوخ نہ کرنے کی صورت میں معاشی پابندیاں عائد کرنے کا اشارہ بھی دیدیا۔ پاکستان میں توانائی کے بدترین بحران کے باعث ایران سے گیس پائپ لائن بچھانے کا معاہدہ کیا گیا تھا، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت پر مشتمل ہے جو تاخیر کا شکار ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ امریکہ مسلسل منصوبے سے متعلق پاکستان پر دباﺅ ڈالتا رہا ہے اور اب اس نے دھمکی دی ہے کہ اگر ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبہ ختم نہیں کیا گیا تو پاکستان پر معاشی پابندیاں لگا دی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان ایران سے منصوبہ منسوخ کرتا ہے تو جرمانے کی مد میں تہران کو ماہانہ بیس کروڑ ڈالر دینا ہوں گے۔ ادھر امریکہ کا اصرار ہے کہ پاکستان، ترکمانستان براستہ افغانستان گیس پائپ لائن معاہدے پر کام کرے جس کے لئے مالی اور تکنیکی معاونت واشنگٹن فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی امریکہ پاکستان کو جرمانے کی رقم دینے کیلئے بھی تیار ہے۔