الیکشن مقررہ وقت پر ہونگے‘ ناراض دوستوں کو منائیں گے : زرداری


کراچی (سٹاف رپورٹر/ نوائے وقت رپورٹ) صدر زرداری نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت سندھ کو ہدایت کی ہے کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کئے جانے والے ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے اور دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کے لئے جن وسائل کی ضرورت ہوگی، وہ وفاقی حکومت فراہم کرے گی۔ وہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اجلاس میں گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ نے صدر مملکت کو کراچی میں قیام امن کے لئے کئے جانے والے اقدامات، کراچی میں سی سی ٹی وی کیمروں کے نظام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری ٹارگیٹڈ کاروائیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ صدر نے کہا کہ کراچی میں قیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہے، کراچی ملک کا معاشی حب ہے، کراچی میں امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ علاوہ ازیں صدر زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر منعقد کئے جائیں گے اور ان انتخابات میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر حصہ لیں گے۔ وہ صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاﺅس میں شہید بے نظیر بھٹو کی 5 ویں برسی کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں گفتگو کررہے تھے۔ اجلاس کی صدارت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کی۔ صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہید بھٹو اور شہید بی بی کے وژن کو پورا کرے گی۔ صدر نے کہا کہ آئندہ انتخابات کو شفاف انداز میں منعقد کرنا اور ملک میں قیام امن ہماری ترجیحات ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پیپلز پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ عوامی رابطوں کو بڑھائیں اور عوام کے مسائل کو فوری حل کئے جائیں۔ اس موقع پر بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی قوت ہے، آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ میں پیپلز پارٹی کی آئندہ پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم بڑی بات نہیں کہتے لیکن 27 تاریخ کو پیپلز پارٹی کا جلسہ تاریخی ہو گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق صدر زرداری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بے نظیر کی برسی کے موقع پر جلسہ سے خطاب کرکے بلاول بھٹو اپنے سیاسی کیرئر کا آغاز کرینگے۔ صدر نے کہا کہ آج ملک میں جمہوریت بے نظیر بھٹو کی مفاہمتی پالیسی کے سبب مضبوط ہوئی ہے، ہم تنقید سے اپنی اصلاح کرتے ہیں کسی سے ناراضگی نہیں رکھتے جن دوستوں کو بعض مسائل پر تحفظات ہیں وہ ہم سے بات کریں ہم ان کے تحفظات دور کریں گے۔