پختہ کھال بنانے کے اہداف ترمیمی بنیادوں پر حاصل کئے جائیں: زکریا شاہ

پاکپتن (نامہ نگار) ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ پنجاب سید زکریا شاہ نے کہ ہے کہ کسان کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے زراعت اگر زرعی معیشت کا سب سے اہم جز ہے تو اس جز کی تکمیل کےلئے نہری پانی خشت اول ہے، محکمہ آب پاشی کسانوں کو جدید طریقہ کاشتکاری خصوصاً نہری پانی کو کفایت شعاری سے زیادہ سے زیادہ رقبہ کےلئے استعمال کرنے سے متعلق تربیت فراہم کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ پاکپتن کے دوران محکمہ آب پاشی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی او واٹر مینجمنٹ ملک وسیم سجاد سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں پختہ کھال بنانے کے اہداف کے حصول اور کچے کھالوں کی پٹریاں بنانے کاکام ترجیح بنیادوں پر کیا جائے پہلے سے تعمیر شدہ پختہ کھالوں کی دیکھ بھال کےلئے متعلقہ کمیٹیوں کو متحرک کیا جائے۔ پنجاب حکومت کاشتکاروں کو جو سہولیات دے رہی ہے ان کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلئے شفافیت کو اولین اہمیت دی جائے، اس موقع پرڈی او واٹر مینجمنٹ ملک وسیم سجاد نے ضلع میں مختلف منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔