امریکہ، بھارت، بلوچستان کو پاکستان سے الگ کرنا چاہتے ہیں: علامہ ریاض شاہ

لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت بلوچستان کو پاکستان سے الگ کرنا چاہتے ہیں فارن فنڈڈ این جی اوز غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں فارن فنڈڈ این جی اوز ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں این جی اوز کو بیرونی ممالک سے ملنے والے فنڈز کی تحقیقات ہونی چاہئیں بعض این جی اوز پاکستان کو لادین ریاست بنانے کے لئے سازشوں میں مصروف ہیں اہل حق اسلام کو دیس نکالا دینے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستانی معاشرے کو مغربی معاشرہ بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور نظریاتی سرحدوں پر کلہاڑا چلایا جا رہا ہے فارن فنڈڈ این جی اوز کو ملنے والے فنڈز کی چھان بین کی جائے۔ مغربی ایجنڈے کے تحت ملک میں عریانی و فحاشی کا سیلاب لایا جا رہا ہے این جی اوز کو آئین اور قانون کے دائرے میں لایا جائے اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث این جی اوز پر پابندی لگائی جائے۔ اسلام اور پاکستان کو گالی دینے والوں کا محاسبہ ہونا چاہیے۔