کراچی میں عالمی ایجنڈے کے تحت خونی کھیل کھیلا جا رہا ہے: فضل کریم


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے عالمی ایجنڈے کے تحت کراچی میں خونی کھیل کھیلا جا رہا ہے، کراچی ڈوبا تو پورا ملک ڈوب جائے گا، کراچی میںحکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، اسلام دشمن طاقتیں فرقوں کو لڑا کر پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کر رہی ہیں، مذہبی رہنما مذہبی ہم آہنگی کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور فرقہ وارانہ قتل و غارت کو روک کر عالمی سازش کو ناکام بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن طلبائے اسلام پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا تمام مذہبی جماعتیں نظریات کا مقابلہ طاقت کی بجائے نظریات سے کرنے کی روش اختیار کریں۔ سیاسی و مذہبی رہنما تاجر اور عوام قیام امن کے لئے اُٹھ کھڑے ہوں، تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اپنے مسلح ونگز ختم کریں۔ حکومت ملک کو اسلحہ سے پاک کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے، کراچی میں بدامنی پھیلاکر ملکی معیشت کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا انجمن طلبائے اسلام انقلاب نظام مصطفی کی جدوجہد کا ہراول دستہ ہے۔