ڈی ایٹ کانفرنس 22نومبر کو ہو گی، انتظامات مکمل، صدر زرداری افتتاح کریں گے


اسلام آباد (اے پی پی) آٹھ ترقی پذیر اسلامی ممالک کے سربراہان صدر آصف علی زرداری کی دعوت پر 22 نومبر کو اسلام آباد میں ڈی ایٹ کے آٹھویں سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے جس کا موضوع امن اور خوشحالی کیلئے جمہوری شراکت داری ہے، یہ سربراہ اجلاس تنظیم کے قیام کی پندرہویں سالگرہ کے موقع پر ہورہا ہے، صدر زرداری کانفرنس کا افتتاح کریں گے، جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ دفتر خارجہ سے جاری تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ مصر کے صدر محمد مرسی ، انڈونیشیا کے صدر سوسیلو بمبانگ ، ایران کے صدر احمدی نژاد، نائجیریا کے صدر گڈلک جانتھن، ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردوان شرکت کریں گے۔ امکان ہے کہ ملائیشیا کی نمائندگی نائب وزیراعظم کریں گے جبکہ بنگلہ دیشی وزیراعظم کی شرکت کی تصدیق ابھی موصول نہیں ہوئی۔ پاکستان آئندہ دو برسوں کیلئے تنظیم کی صدارت سنبھالے گا۔