پبلک ٹرانسپورٹ میں نصب سلنڈروں میں سی این جی بھرنے پر پابندی کا اطلاق


اسلام آباد (این این آئی) اوگرا نے پبلک ٹرانسپورٹ کی سیٹوں کے نیچے نصب سلنڈروں میں سی این جی بھرنے پر عائد پابندی کا اطلاق شروع کر دیا جبکہ سی این جی ایسوسی ایشن نے اوگرا کے اس اقدام کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے آغاز پر ان پبلک ٹرانسپورٹ میں سی این جی بھرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ اوگرا حکام کے مطابق پبلک سیفٹی قوانین کے تحت سی این جی سٹیشن مالکان کو سیٹوں کے نیچے نصب سلنڈروں میں فلنگ سے روک دیا ہے۔ اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیم نے اسلام آباد، راولپنڈی اور موٹر وے پر 9سی این جی سٹیشنوں پر چھاپے مارے اور 7سی این جی سٹیشنز سیٹوں کے نیچے نصب سلنڈروں میں فلنگ کرتے پائے گئے جس پر شوکاز نوٹس جاری کر دئیے گئے۔ حکام کے مطابق خلاف ورزی کے مرتکب سٹیشنوں کے کنکشن منقطع کر دئیے جائیں گے۔ چیئرمین آل سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ کے مطابق یہ اقدام اوگرا آرڈیننس کے منافی ہے، اوگرا کے اس اقدام کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ پابندی کے باعث ملک بھر میں 8لاکھ گاڑیاں متاثر ہوں گی۔