مظفرگڑھ: پارکو پائپ لائن سے 9کروڑ کا تیل چوری، 2ملزم گرفتار


مظفر گڑھ/ کوٹ ادو (نامہ نگاروں سے) محمود کوٹ پولیس نے کارروائی کر کے پارکو سے کیپکو جانیوالی تیل کی پائپ لائن سے تیل چوری کر کے براہ راست پٹرول پمپ کو سپلائی کرنے والے مزید 2 کلمپ برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی ایس پی کوٹ ادو خالد ر¶ف نے بتایا ہے کہ قبل ازیں جو 3 کلمپ برآمد کئے گئے تھے جن کے ذریعہ کروڑوں روپے کا تیل چوری ہو چکا تھا انکی برآمدگی کے دوران پولیس نے مزید کلمپس کی موجودگی کے شک پر آگے کھدائی کی تو پارکو گجرات سے پی ایس او محمود کوٹ آنے والی پائپ لائن پر اڈہ گرمانی کے قریب 70 فٹ گہری سرنگ ملی جس میں پائپ میں کلمپ لگا کر نزدیکی پمپوں کو پائپ لائن سے براہ راست تیل سپلائی کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے 2 ملزمان خالد اور جنید کو گرفتار کر لیا ہے۔ جنہوں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ان کلمپس کے ذریعہ اب تک تقریباً 9 کروڑ روپے کا تیل چوری کر چکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزمان کو بااثر لوگوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔ پولیس اتنی گہری سرنگ تک پہنچنے کیلئے گزشتہ تمام رات کھدائی کرتی رہی ہے۔