سپریم کورٹ بار کراچی کی صورتحال پر آئندہ ماہ قومی کانفرنس بلائے گی


کراچی (وقائع نگار)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب جنرل سیکرٹری جاوید اقبال راجہ نے کہا ہے کہ دسمبر کے مہینے میں کراچی کی صورتحال کے حوالے سے قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں، سماجی اداروں اور تمام سٹیک ہولڈرز کو بلایا جائے گا تاکہ ان کا موقف جان کر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آئندہ کا لائحہ عمل طے کرسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چاروں صوبوں کے نائب صدور اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران موجود تھے۔ کراچی ملک کا معاشی حب ہے۔ اگر کراچی کے حالات خراب ہوتے ہیں تو اس سے پورے ملک کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ کراچی میں بدامنی کی وجہ سے بہت سے تاجر اپنا کاروبار بند کررہے ہیں۔ ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ عدلیہ کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا او رکراچی کے ایشو پر جو بھی بات ہوگی اس سے پوری قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کانفرنس کے بھی اچھے نتائج برآمد ہوئے تھے اور اس کے بھی اچھے نتائج برآمد ہونگے۔