جھکیں گے نہ بکیں گے، کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے: سیمینار

لاہور(نیوزرپورٹر)آل پارٹیز حریت کا نفرنس مقبوضہ کشمیر کے سینئررہنما سیدسلیم گیلانی نے کہا کہ مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کی ضمانت ہے۔ ہماری آخری اور واحد منزل پاکستان ہی ہے۔پاکستان کی سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل اوراس کو عالمی سطح پر اجاگرکرنے کیلئے ایک مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیرسنٹرلاہورمیں خصوصی سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سیمینارکااہتمام کشمیرکمیٹی ہائی کورٹ بار اورآل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس لاہورسرکل کے اشتراک سے کیاگیاتھا۔ سیمینارسے انعام الحسن‘ رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹرفرزانہ نذیر‘ پروفیسرعرفان یوسف‘ منظورحسین گیلانی ایڈووکیٹ‘صدرمسلم کانفرنس لاہور حاجی اقبال قریشی‘ مرزاصادق جرا ل‘ شفیع جوش‘ مرزاعامرجرال‘ سردارانورخان‘ فاروق آزاد اوردیگرنے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادیٔ کشمیر کو 70برس گزرنے کے باوجود کشمیری تھکے نہیں ۔ بھارت اورعالمی برادری کو جان لیناچاہیے کہ کشمیری نہ کبھی جھکیں گئے نہ بکیں گئے۔ وہ اپنے آخری فرداورآخری سانس تک کشمیر کی آزادی اورالحاقِ پاکستان کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گئے۔ پاکستانی حکومت اورعوام کو چاہیے کہ وہ اس ملک کی ترقی اوریہاں امن کے قیام کیلئے شب وروز جدوجہد کریں۔ انہو ںنے کہا کہ بھارت کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہرلال نہرونے عالمی برادری سے کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینے کا وعدہ کیاتھا۔