نبی کریمؐ کی سیرت پر عمل نہ کرنے کے سبب امت انتشار کا شکار ہے: علامہ احمد دباغ

لاہور(خصوصی نامہ نگار)  پاکستان کے دورے پر آئے برطانوی سکالر علامہ احمد دباغ نے کہا ہے کہ مسلم امت بحیثیت مجموعی  نبی کریم ﷺ کی سنت پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے پریشان اور منتشر ہے ۔طریقہ محمدیہ پر عمل کرنے ہی میں ہماری دنیاوی اور اخروی کامیابی کا راز مضمر ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں  طریقہ محمدیہ کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے دنیاوی زندگی ہی کو اصل زندگی سمجھ لیا ہے ۔وہ لوگ جنہوں نے نبی کی روشن اور مبارک حیات طیبہ  کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالا اور اپنے روز وشب آپ ہی کی سیرت مطہرہ کے مطابق بسر کیے وہ کامیاب ٹھہرے ۔ہماری مذہبی  قیادتیں آپس میں تقسیم ہوچکی ہیں جبکہ اسلام تو مذہب ہی رواداری ، برداشت اور محبت و پیار سے عبارت ہے ۔اس میں نفرت ، دشمنی ، قتل و غارت گری  کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ مسلمانوں کو اپنا احتساب کرنا چاہئے۔ اور اپنے معمولات اور اپنے رویوں میں تبدیلی لانے  کی کوشش کرنی چاہئے ۔