عابد شیر علی کے بجلی چوری کے بیانات مناسب نہیں: رانا ثنا

لاہور (آئی این پی) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ خان نے وزیر مملکت عابد شیر علی کے بجلی چوری کے بیانات کو نامناسب قرار دیدیا ہے اور کہا ہے کہ واپڈا کے پاس ایسا کوئی نظام نہیں کہ وہ حلقے کی نشاندہی کرکے بجلی چوری کا کسی کو ذمہ دار ٹھہرائیں۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون کا کہنا تھا کہ حلقہ وائز چوری کا کوئی ریکارڈ ہی موجود نہیں تو پھر نشاندہی کیسی اور یہ مناسب نہیں کہ فلاں حلقے میں اتنی چوری ہو رہی ہے اور فلاں ذمہ دار ہے۔ کراچی آپریشن پر مکمل اعتماد ہے مگر ریاستی تشدد کی اجازت نہیں ہونی چاہئے‘ ایم کیوایم کے کارکن پر پولیس کے تشدد کا وزیر اعلی کو نوٹس لینا چاہئے۔ کراچی میں جاری آپریشن اور طالبان کے ساتھ جاری مذاکرات کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔