سینٹ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا ماحولیاتی آلودگی کیخلاف اقدامات نہ کرنے پر نوٹس متعلقہ اداروں کے حکام کل طلب

اسلام آباد (ثناء نیوز) سینٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق نے ملک میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی‘ اس کے انسانی صحت پر مضر اثرات کے حوالے سے حکومت کی جانب سے خاطر خواہ اقدامات نہ کرنے کا نوٹس لے لیا۔ اس بارے میں متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام کو کل (منگل کو) پارلیمنٹ ہائوس طلب کر لیا گیا ہے۔ سینٹ سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق فنکشنل انسانی حقوق کمیٹی کو اسلام آباد میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ماحول کے حوالے سے خطرات سے نمٹنے کیلئے فضلے کے ضیاع کے انتظامی سسٹم ( ویسٹ مینجمنٹ سسٹم) پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال پر پابندی اور انہیں حفاظتی اقدامات کے تحت ٹھکانے لگانے‘ سٹون کرشنگ کی 16 غیر قانونی فیکٹریوں کی جانب سے اسلام آباد کے ماحول کو تباہ کرنے کے خلاف سخت اقدامات کے بارے میں سفارشات جاری کی جائیں گی۔ اسلام آباد میں عوامی شعور کی بیداری کی مہم اور موجودہ قوانین کے سختی سے اطلاق اور مزید قانون سازی پر غور کیا جائے گا ۔