جاپان: برفباری کا دو دہائیوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا‘ 7 افراد ہلاک‘ 500 زخمی

ٹوکیو (اے پی اے) جاپان میں شدید برفباری کا دو دہائیوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا اور اس کے  نتیجے میں اب تک 7 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی‘ سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاپان کے متعدد شہروں  نے سفید  چادر اوڑھ لی ہے جبکہ دارالحکومت  ٹوکیو میں سب سے زیادہ برف باری ریکارڈ کی گئی، جاپانی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں خراب موسم کے باعث ٹریفک حادثات کے 3 ہزار 200سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے جس میں 2 خواتین سمیت 3 افراد ہلاک  اورر 500 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ شدید سردی کے باعث 4افراد لقمہ اجل بن گئے۔ دوسری جانب جاپان کی قومی  ایئرلائن  نے خراب موسم کے باعث  742 پروازیں منسوخ جب کہ  بلٹ ٹرین کی سروس بھی غیر معینہ مدت تک روک دی گئی ہے جس سے لاکھوں شہری سفری سہولت سے محروم ہوگئے ہیں، برفباری کے باعث ملک کے مرکزی اور مشرقی علاقوں کے 40 ہزار سے زائد افراد بجلی سے محروم  ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ برف باری کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔