بلاول سیاست میں نانا ذوالفقار بھٹو کی تقلید کرینگے: منظور وٹو

لاہور(خبر نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری مارچ میں لاہور آئیں گے اور اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو کی تقلید کرتے ہوئے پنجاب سے عملی سیاست کا آغاز کریں گے، وہ تنظیمی عہدیداران، کارکنان اور نوجوانوں کے علاوہ صحافیوں، دانشوروں اور سماجی تنظیموں کے رہنمائوں سے بھی ملاقات کریں گے، بلاول بھٹو زرداری پنجاب کی تنظیمی صورت حال کا بھی جائزہ لیں گے، انتخابی مہم میں مسیحا بننے والے انسانیت کی سیڑھی بھی اتر گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر تنویر اشرف کائرہ، راجہ عامر خان، عابد حسین صدیقی، اورنگزیب برکی، منظور احمد مانیکا، فیصل میر اور بادشاہ وٹو بھی موجود تھے۔ میاں منظور احمد وٹو نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر ہم پہلے ہی پنجاب میں پارٹی کی تنظیم سازی کر رہے ہیں ۔