الطاف، عمران فاروق کے قتل میں براہ راست ملوث ہیں:شمشاد خان غوری کا الزام

اسلام آباد (آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ (حقیقی) گروپ کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہا ہے کہ الطاف  حسین   عمران فاروق کے  قتل میں براہ راست ملوث ہیں  ، کراچی میں  احتجاج کے ذریعے وہ برطانوی حکومت پر  پریشر بڑھانا چاہتے ہیں کہ ان کیخلاف کارروائی نہ کی جائے وہ قوم سے معافی مانگ کر قتل کا اعتراف جرم کرلیں۔ طالبان کیخلاف اگر آپریشن ہوا تو یہ سانحہ مشرقی پاکستان کے بعد دوسرا بڑا المیہ  ہوگا ، طالبان مذاکرات سے دستبردار نہ ہوں  ، بعض خفیہ ہاتھ  مذاکرات کو ناکام کرنا چاہتے ہیں  ، وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف براہ راست مذاکرات میں طالبان کو شریک کریں  ۔ آن لائن کو  دیئے گئے   خصوصی انٹرویو میں   شمشاد خان غوری کا کہنا تھا کہ  الطاف حسین   ہزاروں  بے گناہ افراد کے قتل میں ملوث ہیں وہ برطانیہ میں بیٹھ کر  منی لانڈرنگ کررہے ہیں ۔ رحمٰن ملک سمیت کئی لوگ انہیں  کروڑوں روپے رشوت کے عوض  دیتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں طالبان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات خوش آئند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ جن دو پاکستانیوں کی تلاش میں ہے اگر وہ مل گئے تو الطاف حسین  کا چہرہ بے نقاب ہوجائے گا  ۔ عمران فاروق ہمارا بھائی تھا اور وہ مہاجروں کانمائندہ تھا برطانوی حکومت اس کی حفاظت کرنے میں ناکام رہی ہے اگر قاتل نہ پکڑے  گئے تو یہ برطانوی حکومت کی بدنامی   ہوگی  ۔