کچہری حملہ: ڈسٹرکٹ بار کی آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی کیخلاف مقدمہ کیلئے درخواست

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ڈسٹرکٹ بار نے حملہ مقدمے کے اندراج کیلئے تھانہ مارگلہ میں درخواست دیدی۔ درخواست آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی کیخلاف دی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 8 دہشت گردوں نے ایف 8 کچہری پر حملہ کیا۔ دہشت گرد پشتو اور پنجابی میں بات کرتے رہے۔ درخواست میں ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کے نام بھی شامل ہیں۔ ادھر وفاقی حکومت نے حملہ میں جاںبحق افراد لواحقین اور زخمیوں کیلئے امدادی پیکیج کی منظوری دیدی۔ جاںبحق ہونیوالے سرکاری اہلکاروں کے لواحقین کو 30 لاکھ سے ایک کروڑ تک، سویلین کو 5 ،5لاکھ روپے اور 28 زخمیوں کو 75 ہزار، 75 ہزار روپے فی کس دئیے جائیں گے ، پمز ہسپتال میں زیر علاج 14 زخمیوں کو امدادی رقوم کے چیک تقسیم کردیئے گئے، باقی زخمیوں کے گھروں میں چیک بھجوائے جائیں گے۔ 12جاںبحق افراد کے اہل خانہ کو وزیر داخلہ خود امدادی چیک دیں گے۔