کنزیومر سالیڈیٹی سسٹم کے زیراہتمام ’’خوراک کے معیار‘‘ کے موضوع پر سیمینار

لاہور (کامرس رپورٹر) صارفین کے حقوق کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم کنزیومر سالیڈیریٹی سسٹم کے زیراہتمام گزشتہ روز رائیونڈ روڈ پر واقع ایک نجی یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں خوراک کے معیار اور صارفین کی استطاعت  کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان  خصوصی سیکرٹری خوراک اسلم کمبوہ تھے‘ ڈائریکٹر پنجاب کنزیومر پروٹیکشن کونسل عامر ضمیر نے سیمینار کی صدارت کے فرائض سرانجام دیئے۔ کنزیومر سالیڈیریٹی سسٹم کے صدر محسن بھٹی نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے جب بطور صارف آپ کو اپنی طاقت اور اہمیت کا اندازہ ہو جانا چاہئے۔ اگر آپ سمجھیں کہ کسی بھی شے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے تو آپ اس چیز کا استعمال کم کر دیں اور متبادل اشیاء کا استعمال شروع کر دیں۔  سیکرٹری خوراک اسلم کمبوہ نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح صارفین کو خالص اور معیاری خوراک کی فراہمی ہے۔ کوکنگ آئل‘ جوسز‘ کولڈ ڈرنکس اور غیر معیاری منرل واٹر کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور عنقریب ہم فیصل آباد میں بھی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا سیٹ اپ قائم کر دیں گے۔