ملکی ترقی میں خواتین کا کردار سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے: ہارون سلطان

لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر ہارون سلطان بخاری نے کہا ہے کہ خواتین کا کردار ملکی ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔کوئی بھی معاشرہ خواتین کی شمولیت کے بغیراپنا مقام نہیں بنا سکتا۔ہمیں خواتین میں شعوروآگاہی پیدا کرنا ہو گی تاکہ وہ اپنی حیثیت اور کردار کو منوا سکیں۔حکومت پنجاب نے پبلک سروس کمیشن کے ممبران میں خواتین کی تعداد25 فی صد کر دی ہے جبکہ سروسز میں ان کاکوٹہ 5 سے بڑھا کر 15 فیصد کر دیا ہے جبکہ ہر تھانے میں ایک ایک خاتون اہلکار تعینات کی گئی ہے تاکہ خواتین اپنے مسائل کا تذکرہ کر سکیں۔اس امر کا اظہار انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر فہمیدہ مشتاق دیگر سرکاری افسران اور مختلف سماجی اداروں کے سربراہ بھی موجود تھے۔