مسلم لیگ (ن) خیبر پی کے کا آئندہ متوقع بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان، ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائینگی

 پشاور(آن لائن) مسلم لیگ (ن) خیبر پی کے نے آئندہ متوقع بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے دیگر جماعتوں سے اتحاد کی بجائے ہر ضلع کی سطح پر اپنی کمیٹیاں قائم کرکے انہیں بھرپور تیاری کرنے اور ناراض کارکنوں کو منانے کی ہدایت کردی۔ کمیٹیوں میں مسلم لیگ (ن) کے ضلعی عہدیدار‘ پارٹی ٹکٹ ہولڈر امیدوار شامل ہونگے۔ اس سلسلے میںگزشتہ روز مسلم لیگ (ن) خیبر پی کے سیکرٹریٹ میں خیبر پی کے  کے تمام اضلاع کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کا اجلاس صوبائی صدر پیر صابر شاہ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا‘ صوبائی جنرل سیکرٹری رحمت سلام خٹک‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات ناصر خان موسیٰ زئی دیگر عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں موجودہ صورتحال‘ بلدیاتی الیکشن سمیت دیگر اہم امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز نے صوبائی قیادت کو اپنی اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ (ن) خیبر پی کے آئندہ متوقع بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔