فوج کا مجرموں کیساتھ مذاکرات میں بیٹھنے سے انکار حب الوطنی ہے: اشرف آصف جلالی

لاہور ( سپیشل رپورٹر)  بانی وسربراہ ادارہ صراط مستقیم پاکستان ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ 15 مارچ کو ہونے والی شان رسول ﷺ کانفرنس قوم کو واشنگٹن کی بجائے گنبد خضری کی طرف متوجہ کرنے کی ایک کوشش ہے ۔آداب رسالت کو اجاگر کرنے سے ملک پر چھائی ہوئی مایوسیاں چھٹ جائیں گی اور قوم جذبہ عشق رسول ﷺ سے مزید سرشار ہو جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہمدرد سنٹر میں علماء و مشایخ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کی ایک بھی شک اسلامی نہ ماننے والے پتہ نہیں کس اسلام کی بات کر رہے ہیں؟پچاس ہزار مسلمانوں کا مقدس خون بہانے والے اور پاکستانی معیشت کو ستر عرب سے زائد نقصان پہنچانے والوں کے بارے میں نرم گوشہ ملک و ملت کیلئے نہایت نقصان دہ ہے۔پاک فوج کا مجرموں کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھنے سے انکار جذبہ حب الوطنی کا عکاس ہے ۔شان رسول ﷺ کانفرنس میں لاکھوں شرکاء کے ساتھ آداب رسالت ﷺ کو اجاگر کرنے ، امریکہ میں بننے والی گستاخانہ فلم کے مجرموں کو سزا دلوانے کا مطالبہ کیا جائے گا ، 295c کے تحفظ کا حلف اٹھایا جائے گا ، غازی ملک ممتاز حسین قادری کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔