خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ملکی ترقی و خوشحالی ممکن نہیں: مقررین

لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے زیرِاہتمام خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایمبیسیڈر ہوٹل میں سیمینار کا انعقاد کیا ۔ سیمینار کی صدارت صدر پنجاب اعجاز احمد چوہدری اور جنرل سیکرٹری پنجا ب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کی ۔ سیمینار کے مہمان خصوصی پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء و سابقہ وزیرخارجہ خورشید محمود قصوری تھے۔ نائب صدر پنجاب سعدیہ سیف نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ سیکرٹری انفارمیشن پنجاب عندلیب عباس نے خواتین کے حوالے سے ایک ڈاکومینٹری فلم بھی دکھائی اور پاکستان میں خواتین کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی۔ سیمینار سے خورشید محمود قصوری، اعجاز احمد چوہدری اور ڈاکٹر یاسمین راشد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے یوسی سے لے کر اوپر تک خواتین کو بھرپور نمائندگی دی ہے ، انہوں نے ملکی ترقی کے لئے خواتین کی اہمیت ناگزیر قرار دیا ، جب تک خواتین کی خدمات اور ان کی اہمیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے انہیں اختیار نہیں دیئے جاتے تو ملک میں ترقی ممکن نہیں۔ خواتین اپنا حقوق حاصل کرنے کے لئے اٹھ کھڑی ہوں ، خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ملک کی ترقی و خوشحالی ممکن نہیں۔