بلوچستان :دہشت گردی کے باعث 70 ہزار بچے تعلیم سے محروم

کوئٹہ (اے پی اے) بلوچستان میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث شورش زدہ اضلاع میں ہزاروں بچوں نے سکول جانا چھوڑ دیا۔دہشت گردی کے باعث 70 ہزار بچے تعلیم سے محروم ہوچکے ہیں۔  ٹارگٹ کلنگ اور حملوں کے خوف سے بلوچستان یونیورسٹی کے سینئراساتذہ کی ایک بڑی تعداد بھی صوبہ چھوڑ چکی ہے۔ بلوچستان میں حکومتی اعداد و شمار کے مطابق امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال نے صوبے کے 32 میں سے بلوچ اکثریت والے تقریباً 10 اضلاع میں تعلیمی صورتحال کو غیرمعمولی طور پر متاثر کیا ہے اور صورتحال مزید تشویشناک ہوسکتی ہے۔۔ ان علاقوں میں تعلیم سے محروم ہونیوالے 70 ہزار سے زائد بچوں اور بچیوں کا مستقبل حکومتی عدم توجہی کے باعث داؤ پر لگ گیا ہے۔ماہرین کا خیال ہے کہ اگر اس تعلیمی بحران پر ترجیحی بنیادوں پر قابو نہیں پایا گیا تو یہ صورتحال مزید تشویشناک شکل اختیار کر سکتی ہے۔