اسلام آباد: مسلح افراد کی فائرنگ سے نوجوان قتل‘ شبے میں 3 افراد گرفتار

اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد کے نواحی علاقے نیو شکریال میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا‘ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی جبکہ واقعہ میں ملوث ہونے کے شبے میں 3 افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کی مطابق مسافر کوسٹر پر سوار نیو شکریال کے رہائشی اور ایچ ایٹ کامرس کالج کے 19 سالہ طالبعلم راجہ خرم اقبال کا بعض افراد سے جھگڑا ہوگیا جس کے بعد بات آگے بڑھ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق ایکسپریس وے پر ضیاء مسجد سٹاپ سے اتر کر جب خرم اقبال اپنے گھر جانے لگا تو اس دوران مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ اسے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی لے جایا جارہا تھا وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے مزدا بس کے ڈرائیور‘ کنڈیکٹر اور اس میں سوار ایک مشکوک نوجوان کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔