مریخ کے سفر پر عملہ نیند کی کمی، ڈپریشن کا شکار ہو سکتا ہے: سائنسدان


لندن (این این آئی) مریخ پر ممکنہ انسانی مشن کے بارے میں تجربات کے نتائج سے پتہ چلا ہے کہ اس سفر کے دوران عملہ نیند کی کمی، تنہائی اور ڈپریشن کا شکار ہو سکتا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سائنسدانوں نے کہا کہ تجربے کے دوران عملے کی نیند کے اوقات اور نمونے مختلف ہونے سے مشکلات پیدا ہوئیں۔ تحقیق کے نتائج کے مطابق تمام موجودہ خلابازوں کو مریخ کے سفر کیلئے موزوں قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔ تحقیقی ٹیم کے رکن یونیورسٹی آف پنسلوینیا کے پروفیسر میتھیئس بیسز نے کہا کہ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ وہ خلاباز جنہیں مریخ کے سفر پر روانہ کیا جانا ہے ان کی صلاحیتوں کا امتحان دن اور رات کے قدرتی چکر کے بغیر ہونا چاہئے۔