چھوٹے گھروں میں بھی باغبانی کا شوق پورا کیا جا سکتا ہے!

گھروں کی خوبصورتی کو بڑھانے میں جہاں دیگر چیزیں اہمیت کی حامل ہیں وہاں پھول اور پودے بھی پیچھے نہیں گھر کو سنوارنا اور بنانا خواتین کی فطرت میں شامل ہے یہ ہی وجہ ہے کہ ہر دوسری خاتون کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا گھر نہ صرف خوبصورت ہو بلکہ اس میں موجود ہر چیزدیکھنے والے کو بھلی لگے۔اورباغبانی کا شوق چھوٹے سے گھر کو بھی سجا دیتا ہے بعض خواتین سوچتی ہیں کہ باغبانی صرف بڑے گھر میں ہی کی جا سکتی ہے یہ تاثر غلط ہے کیونکہ چھوٹے گھروں میں بھی اس شوق کوبخوبی پوراکیا جا سکتا ہے جیسے گھر کی چھت یا بالکونی پر چھوٹا سا باغیچہ بناکر اس میں اپنی پسند کے پھول ،پودے اور سبزیاں اگائی جا سکتی ہیں۔باغبانی کے شوق کے لئے ضروری ہے کہ آپ اس پر بھرپور توجہ دیں مختلف پودوں اور سبزیوں کو مناسب پانی لگائیں،یہ بات ذہن میں رکھیں کہ پودوں کوبے تحاشا پانی کی ضرورت نہیں ہوتی اور اتنا بھی کم پانی نہ دیں کہ صرف مٹی کی اوپری سطح نم ہو اور بیجوں تک پانی پہنچ ہی نہ پائے ۔ اوراگر آپ گھر میں باغیچہ بنانے کے ہنر سے آشنا نہیں ہیں تو آپ اس کام میں ماہر انسان کی خدمات لیں اور ان سے وہ تمام ضروری معلومات حاصل کر لیں جو باغیچہ بنانے کے لئے ضروری ہیں تاکہ آپ اس کام کو بخوبی انجام دے سکیں ۔