نئی نسل کو اپنے اہداف اونچے رکھنے چاہیے:ریحام خان

گذشتہ دنوں چئیر مین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے لاہور کا ایک روزہ مصروف ترین دورہ کیا اور وہ مختلف سماجی و فلاحی تقریبا ت میں شامل ہوئیں ،لاہور میں انہوں نے ایک دن میں نصف درجن کے لگ بھگ تقریبات میں شرکت کی جن میں اُن کا سب سے اہم ایونٹ یتیم بچیوں کے ادارے" اپنا گھر" میں وقت گزارنا تھا جہاں انہوں نے انہی طالبات کے ساتھ دوپہر کا کھانا کھایا بچیوں کے کلا س روم دیکھے اُن کے ساتھ پینٹنگ میں حصہ لیا اپنے خطاب میں والدین جیسی نعمت سے محروم گرلز سے خطاب کرتے ہوئے ریحام خان نے اُن کا حوصلہ بڑھایا ،نئے عزم اور ہمت کے ساتھ آگے بڑھتے رہنے کی تلقین کی اور "اپناگھر "جیسے اداروں کی تشکیل پر عبدالعلیم خان فائونڈیشن کی چئیر پرسن مسز کرن علیم اور اُن کی ٹیم کو مبارکباد دی ،ریحام خان نے اپنے تاثرات میں لکھا کہ نئی نسل کو اپنے اہداف اُونچے رکھنا چاہیے اور قائد اور اقبال کے افکار پر عمل کرتے ہوئے زندگی کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنا چاہیئے ۔ریحام خان کی دوسری اہم سرگرمی وومن سمٹ میں شرکت تھی جس تقریب کی خوبی یہ تھی کہ اُس میں مختلف سیاسی جماعتوں سے زندگی کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی والے خواتین و حضرات شامل تھے جنہوں نے ریحام خان سے اپنے ایوارڈ وصول کئے اس کے علاوہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے سیمنا ر میں خطاب کرتے ہوئے ریحام خان نے سٹریٹ چلڈرن کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیااُن کا کہنا تھا کہ بھیک مانگنے والا ایک بھی بچہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور معاشرے کے محروم طبقات کیلئے کام کرنا ہم سب کا مذہبی ،اخلاقی اور قومی فریضہ ہے جس کیلئے ہمیں اپنی حیثیت کے مطابق حصہ ڈالنا ہوگا ۔ریحام خان شادباغ میں آتش زدگی سے جاں بحق ہونے والے 6معصوم بچوں کے گھر بھی گئیں اور اُن کے والدین سے اس دلخراش واقعہ پر دلی دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اس موقع پر حکومتی اداروں کی غفلت کی مذمت کی اُن کا کہنا تھا کہ زیادہ احساس ذمہ داری کے ذریعے ایسے واقعات سے بچا جا سکے ۔اس کے علاوہ ریحام خان پی ٹی آئی کے آفیشل فوٹو گرافر مظہر اقبال کی رہائش گاہ پر بھی گئیں جو ایک ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہو گئے تھے انہوں نے مرحوم کی والدہ کو گلے لگایا اور تعزیت کرتے ہوئے خود بھی آبدیدہ ہو گئیں ۔ریحام خان نے مرحوم مظہر اقبال کے والد کو عبدالعلیم خان کی طرف سے 10لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک بھی پیش کیا ۔ریحام خان کے دورہ لاہور کا اختتام اُن کے اعزاز میں دئیے گئے ایک پُر تکلف اور باوقار اعشا ئیے پر ہوا جس کا اہتمام مسٹر اینڈ مسز عبدالعلیم خان کی طرف سے ڈیفنس میں رہائش گاہ پر کیا گیا تھا اور اس کی خاص بات یہ تھی کہ مہمان صرف خواتین تھیں جن میں زیادہ تعداد پی ٹی آئی کی عہدیداران اور کارکنا ن کی تھی ،وہ فرداً فراً ہرخاتون کے پاس گئیں اور ان کا شکریہ ادا کیا ،انہوں نے خواتین کارکنوں کے جوش و جذبے کی تعریف کی اور قومی سیاست میں عورتوں کے متحرک کردار پر روشنی ڈالی ۔پی ٹی آئی کی کارکنا ن نے انہیں تحائف پیش کئے اور انہیں شادی کی مبارک باد دی ،ریحام خان نے اپنے ٹویٹ کے ذریعے شاندار استقبالیہ پر مسٹر اینڈ مسز علیم خان کا شکریہ ادا کیا اور اپنے دورہ لاہور کو یاد گار قرار دیتے ہوئے کہا کہ زندہ دلان لاہور کے بارے میں جو کچھ سنا تھا وہ سچ ثابت ہو گیا ،ریحام خان کیلئے پی ٹی آئی کی خاتون رکن نیلم ارشاد شیخ نے "گلی میں آج چاند نکلا "کا نغمہ گنگنایا تو محفل زعفران بن گئی۔