عید میلاد النبیؐ کے 5 روز گزرنے کے باوجود بینرز اور ہورڈنگز اسی طرح آویزاں ہیں

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) عید میلاد النبیؐ کے پانچ روز گزرنے پر شہر اور کینٹ میں مختلف حکومتی‘ مذہبی‘ کاروباری اداروں اور میلاد کمیٹیوں کی طرف سے چوکوں‘ چوراہوں‘ سڑکوں‘ گلیوں محلوں میں بینرز اور ہورڈنگز اسی طرح آویزاں ہیں جنہیں متعلقہ اداروں‘ تنظیموں اور افراد نے اتارنے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔ ان بینرز اور ہورڈنگز پر آیات قرآنی‘ درودو سلام‘ نعتیہ اشعار تحریر اور خانہ کعبہ‘ گنبد خضریٰ اور نعلین پاک کی تصاویر چسپاں ہیں اور موسمی اثرات سے ان بینرز کا تقدس مجروح ہونے کا شدید خدشہ ہے۔ زونل خطیب مولانا محمد اقبال رضوی نے میونسپل کارپوریشن سمیت تمام متعلقہ افراد‘ تنظیموں اور اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ یہ بینرز اور ہورڈنگز جلد از جلد اتار کر ان کا احترام ملحوظ رکھتے ہوئے محفوظ کر لیں ورنہ میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں کی طرف سے بینرز اتار کر سٹور میں رکھنے سے ان کا تقدس مجروح ہونے کے خدشات لاحق ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینرز لگانے کے بعد اتارنا اور محفوظ کرنا متعلقہ افراد اور اداروں کا اخلاقی اور مذہبی فریضہ ہے۔